ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ایودھیا پر عدالت کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہئے: مایاوتی

ایودھیا پر عدالت کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہئے: مایاوتی

Thu, 07 Nov 2019 19:05:35    S.O. News Service

لکھنؤ،07/نومبر(آئی این ایس انڈیا) ایودھیا تنازع پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے پہلے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے جمعرات کو کہا کہ عدالت کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہیے۔ساتھ ہی مایاوتی نے حکومت سے لوگوں کے جان مال کی حفاظت کی ضمانت کو یقینی بنانے کی بھی درخواست کی ۔

بی ایس پی سپریمو نے آج صبح ایک ٹویٹ میں کہاکہ ایودھیا معاملے میں جلد ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کا امکان ہے جسے لے کر عام لوگوں میں بے چینی فطری ہے۔ایسے میں تمام ہم وطنوں سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ عدالت کے فیصلے کا ہر حال میں احترام کریں۔یہی ملک کے مفاد اور عوامی مفاد میں بہتر طریقہ ہے۔

مایاوتی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ساتھ ہی حکمراں پارٹی اور مرکز اور ریاستی حکومتوں کی بھی یہ آئینی اور قانونی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس موقع پر لوگوں کے جان مال کی حفاظت کی ضمانت یقینی بنائیں اور معمولات زندگی کو متاثر نہ ہونے دیں۔

غور طلب ہے کہ عدالت مذہبی جذبات اور سیاست کے لحاظ سے انتہائی حساس مانے جانے والے رام جنم بھومی بابری مسجد زمین تنازعہ معاملے میں 17 نومبر سے پہلے فیصلہ سنا سکتی ہے کیونکہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اسی دن ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔وہ  بابری مسجد زمین تنازعہ معاملے میں آئین بنچ کی قیادت کر رہے ہیں۔چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ ججوں کی آئین بنچ نے 40 دن سے چلی آرہی سماعت 16 اکتوبر کو مکمل کرنے کے بعد ایودھیا زمین تنازعہ معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔


 


Share: